Maktaba Wahhabi

21 - 379
رسوم و رواج کی نشاندہی کرکے ان کا نہایت مدلل بطلان کردیا گیا ہے۔ فی الجملہ یہ کتاب قرآن وسنت کی تعلیمات کا خزینہ اور محترم حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کا قلمی آبگینہ ہے۔ فاصل مؤلف نے اپنے مقدمے ہی میں سنت کی عظمت و اہمیت اجاگر کر دی ہے اور بدعت کے ناقابل تلافی نقصانات سے آگاہ فرمادیا ہے۔ یہ کتاب مختلف مہینوں اور ایام کے مسنون اعمال و آداب سکھاتی ہے۔ علم و نظر کی روشنی مہیا کرتی ہے۔ اور واضح کرتی ہے کہ اسلام کے صحیفۂ فضائل کی رو سے محرم اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور یہ اس قدر مکرم و محترم ہے کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اللہ کا مہینہ بتایا ہے اور ارشاد فرمایا ہے کہ رمضان المبارک کے روزوں کے بعدسب سے افضل محرم کے روزے ہیں… اب ایک طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس پاکیزہ تعلیم کو دیکھیے اور دوسری طرف آج کل کی مروجہ بدعات کی گرم بازاری ملاحظہ فرمائیے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم تو محرم کو اللہ کا محترم مہینہ بتلاتے ہیں مگر ہم نے اسے صرف سانحۂ کربلا ہی سے موسوم و مخصوص کردیا ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ محرم میں روزے رکھو۔ مگر اس ارشاد گرامی کے برعکس ہمارے ہاں محرم میں گھرگھر نیاز کی دیگیں چڑھتی ہیں۔ حلیم اور حلوہ پکایا جاتا ہے۔ پوریاں، کلچے اور شیرمال بنائے جاتے ہیں اور بطور نذر نیاز بانٹے جاتے ہیں۔جابجا، شربت اور دودھ کی سبیلیں لگتی ہیں۔ تعزیے اٹھتے ہیں۔ علم لہراتے ہیں۔ قمقمے روشن ہوتے ہیں۔ رات بھر مجلسیں جمتی ہیں اور دینی تعلیمات سے ناآشنا خواتین مرثیہ خوانی میں خوش الحانی کا سارا اندوختہ صرف کر دیتی ہیں۔افسوس! یہ ملت روایات میں کھو گئی اور حقیقت خرافات میں گم ہو گئی۔…یہ اور اسی قسم کی دیگر بدعات اور رسوم و رواج، مثلاً: گیارہویں، رجب کے کونڈے اور مختلف بزرگوں کے نام کی نذر و نیاز کے سلسلے صرف قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگہی اور ان پر عمل کی بدولت ہی بدل سکتے ہیں۔
Flag Counter