Maktaba Wahhabi

599 - 822
اور نہ ہی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ کسی نبی کی ضرورت ہے ۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے انہیں خاتم النبیین بنا دیا۔ اب حلال صرف وہی ہے جسے اللہ رب العالمین نے اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے حلال کر دیا اور حرام صرف وہی ہے جسے حرام کر دیا۔ اسی دین اسلام میں ہمارے لیے عقائد ، اعمال ، اخلاق کے علاوہ ہمارے انفرادی ، اجتماعی ، سیاسی ، اقتصادی ، معاشی تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ جیساکہ حدیث میں ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( ما بقی شیء یقرب من الجنۃ ویباعد من النار الا وقد بین لکم)) [المعجم الکبیر للطبرانی حدیث:۱۶۴۷] ’’کوئی چیز (اسلا م میں ) ایسی نہیں بچی جو جنت کے قریب کر دینے والی ہو اور جہنم سے دور کرنے والی ہو مگر وہ تمہارے لیے بیان کر دی گئی ہے۔‘‘ لیکن امت مسلمہ کا المیہ ہے کہ اسلام دشمنوں کی مسلسل فکری یلغار کی وجہ سے اسلام اجنبی اور غریب بن گیا ۔ غیر مسلم قوموں خصوصاً یہود و نصاریٰ اور اہل مغرب کی مادی ترقی سے مرعوب ہو کر باقی تمام اشیاء کے ساتھ معاشی اور اقتصادی طریقے بھی انہی کے اختیار کر لیے گئے جس کی بنیاد ہی سود پر ہے۔ یہ سودی سلسلہ زمانہ کے تطور کے ساتھ ساتھ اپنی شکلیں گرگٹ کی طرح بدلتا رہا۔ جب ایک سودی سکیم لوگوں میں فیل ہو جاتی ہے تو نئے نام سے دوسری کوئی سکیم ایجاد کر لی جاتی ہے جیسے آج کل کئی سودی سکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔ ورلڈ ٹریڈنگ نیٹ سکیم: ایک سکیم راولپنڈی سے شروع کی گئی ہے جس کا نام ورلڈ ٹریڈنگ نیٹ() ہے ۔ ان کی سکیم یہ ہے کہ آپ/۳۰۵۰ روپے ادا کر کے بارہ لاکھ حاصل کر سکتے ہیں ۔ طریقہ کار یہ ہے کہ یہ لوگ ایک فارم دیتے ہیں جس پر پانچ خانوں میں پانچ ممبر ز کے نام و پتہ درج ہوتے ہیں ۔ ان سب کو درج کردہ مخصوص رقم منی آرڈر کرنا ہوتی ہے۔ جبکہ کمپنی کو/ ۸۰۰روپے منی آرڈر کرنا ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ/۵۰ روپے چیرٹی باکس والے ایک خانے میں درج ممبر کو بھیجنے ہوتے ہیں ۔ یہ کل رقم ملا کر/ ۳۰۵۰روپے بنتی ہے۔ ان سب کے منی آرڈرز کی رسیدیں کمپنی کو بھیجنے پر کمپنی آپ کو ایسے پانچ فارم بھیج دیتی ہے۔ اب ان فارموں میں پانچویں نمبر پر خود آپ کا نام آجائے گا۔ یہ فارم جب آپ آگے تقسیم کریں گے تو نئے ممبر بھی آپ کو اسی طرح منی آرڈر بھیجیں گے۔ جوں جوں یہ فارم آگے چلتا ہے ، ممبر ز بڑھتے رہتے ہیں تو آپ کا نام ترقی کرتا ہوا چوتھے نمبر پر ، پھر تیسرے ، پھر دوسرے اور پہلے نمبر پر آ جائے گا۔
Flag Counter