Maktaba Wahhabi

497 - 614
شادی کے موقع پر میاں بیوی کی تصویر سازی کا حکم سوال۔ شادی کے موقع پر میاں بیوی کی تصویریں بنانا جائز ہے یا نہیں؟ (محمد عرفان محمدی ضلع وہاڑی) (6 دسمبر1996ء) جواب۔ تصویریں لینا حرام ہے۔ یادداشت کے لیے اپنی یا والدین کی تصویر بنا کر گھر رکھنا ؟ سوال۔ یادداشت کے لیے اپنی تصویر بنا کر گھر رکھنا یا پھر والدین کی؟ اور کتابوں کی تصاویر کے بارے میں وضاحت فرمائیں۔(ام عبداللہ ۔ خانیوال) (14مئی 1999ء) جواب۔ تصویر خواہ اپنی ہو یا والدین وغیرہ کی بطورِ یادگار اپنے پاس رکھنا حرام ہے۔ صحیح حدیث میں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے فرمایا جو بھی تصویر یا مجسمہ دیکھو اسے مٹا دو اور جو قبر اونچی دیکھو۔ اسے برابر کردو۔ [1] اور دوسری روایت میں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قیامت کے دن سب سے سخت عذاب مصورّوں کو ہو گا۔[2] کیا کسی عالم دین کی تصویر محبت و الفت کی وجہ سے رکھنی جائز ہے ؟ سوال۔ کیا کسی عالم ِ دین کی تصویر محبت و الفت کی وجہ سے رکھنی جائز ہے؟ کیا یہ شرک تو نہیں؟ اس کے ساتھ شرکیہ کوئی بھی کام نہیں کیا جاتا۔ صرف ایک محبت کے تقاضے کے طور پر رکھی جائے جیسے علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ…(الاعتصام) سے اس بات کا گلہ بھی ہے کہ مارچ کے مہینے میں جس میں علامہ احسان الٰہی ظہیر کی شہادت کا واقعہ رونما ہوا ، اس مہینے میں آپ ’’الاعتصام‘‘ میں ان کے بارے میں کوئی مضمون بھی نہیں شائع کرتے جب کہ آج ہماری نسل اپنے اکابر کو بھولتی جارہی ہے۔(گل زمان ولد نذر خان۔ ضلع قصور) (12 جنوری 2001ء) جواب۔ صحیح حدیث میں ہے کہ : ’’جس گھرکتا یا تصویر ہو وہاں فرشتے داخل نہیں ہوتے۔‘‘ (قَالَ النَّبِیُّ صلي اللّٰه عليه وسلم لاَ تَدْخُلُ الْمَلاَئِکَۃُ بَیْتًا فِیہِ کَلْبٌ وَلاَ تَصَاوِیرُ) [3] اس سے معلوم ہوا کہ تصویر کو مطلقاًاپنے پاس رکھنا حرام ہے۔ قومِ نوح میں شرک کا آغاز بھی تصویروں کے احترام سے ہوا تھا۔ لہٰذا اس سے اجتناب از بس ضروری ہے۔ یاد رہے کہ اسلام کسی کی برسی منانے کا قائل نہیں ۔ البتہ سلف صالحین کے کارناموں کو کسی وقت بھی اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔ حقائق پر مبنی مضمون لکھ کر آپ بھیجیں ’’الاعتصام‘‘ شائع کرے گا۔
Flag Counter