Maktaba Wahhabi

422 - 614
جواب۔ قربانی کی کھالیں خالصتاًفقراء و مساکین کا استحقاق ہیں جب کہ لائبریری سے فائدہ اٹھانے والے بلاامتیاز اغنیاء و مساکین سبھی قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ اس لیے قربانی کی کھالیں لائبریری کی کتب پر صرف نہیں ہو سکتیں۔ قربانی کی کھال ذاتی کتب خانہ کے لیے استعمال کرنا سوال۔ کیا قربانی کی کھال ذاتی کتب خانے ، ذاتی راستے یا عام رستے بنانے کے لیے استعمال ہو سکتی ہے؟ (محمد صدیق تلیاں، ایبٹ آباد)(18 جون1999ء) جواب۔قربانی کی کھال فقراء و مساکین کو دینی چاہیے۔ اگر مصلّٰی یا ڈول وغیرہ بنا لیا جائے تو اس کا بھی جواز ہے لیکن رفاہِ عامہ کے کاموں میں صرف نہیں کرنی چاہیے اور فروخت کرکے پیسے کھانے کی بھی اجازت نہیں۔ قربانی کی کھالوں سے مدرسہ کی لائبریری قائم کرنا سوال۔ مدرسہ عمر الحفیظ کے لیے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرکے ایک بہت بڑی لائبریری قائم کی ہے۔ اور مزید اس کی توسیع کے لیے ہم قربانی کی کھالوں کی رقم استعمال میں لانا چاہتے ہیں ۔ کیا شرعی طور پر جائز ہے؟ اور واضح رہے کہ مدرسہ عمر الحفیظ میں صرف مقامی طلباء و طالبات تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ جب کہ لائبریری سے ہمہ وقت بیسیوں لوگ استفادہ کرتے ہیں اور اپنے قلوب کو قرآن و سنت کی روشنی سے منور کرتے ہیں اور اپنے غلط عقائد سے توبہ کرتے ہیں۔ (ناظم محمد صدیق المکۃ المدینہ اسلامک لائبریری) (3جولائی 1998ء) جواب۔قربانی کی کھالیں فقراء اور مساکین کا حق ہے۔ جب کہ لائبریری سے بلا امتیاز امیر و غریب سبھی مستفیض ہوتے ہیں۔ اس لیے موجودہ شکل میں کھالوں کے مصرف سے احتراز کرنا چاہیے۔ قربانی کی کھالوں سے مسجد میں اسلامی لائبریری کا قیام سوال۔ ہم ہر سال قربانی کی کھالوں سے لائبریری کی توسیع کرتے ہیں۔ تو بعض بھائی اعتراض کرتے ہیں کہ قربانی کی کھالیں، صرف خوراک فنڈ غرباء مساکین کی اعانت کے لیے ہی استعمال ہوسکتی ہیں جب کہ یہ لائبریری شرک و بدعت کے مضبوط ترین گڑھ میں واقع ہے۔ جہاں پر کتاب و سنت اور مسلک حق کی ترویج کے لیے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان حالات کو مد نظر رکھ کر مندرجہ بالا سوالات کے جوابات سے نوازیں۔ (سائل عبدالقیوم) (4 دسمبر 1998ء) جواب۔ قربانی کی کھالیں چونکہ غرباء و مساکین کا حق ہے جب کہ لائبریری سے بلا امتیاز سبھی لوگ فیض یاب ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس پر قربانی کی کھالیں صرف نہیں ہونی چاہئیں۔ حصولِ زر کے لیے دیگر مباح ذرائع اختیار کرلیے جائیں تاکہ شکوک و شبہات سے بالا تر ہو کر صحیح نہج پر دینی خدمت سرانجام دی جا سکے ۔ واللہ المستعان
Flag Counter