Maktaba Wahhabi

295 - 614
ذاتی رہائش مکان پر زکوٰۃ اور مفلوک الحال شخص کو زکوٰۃ دینے کا حکم؟ سوال۔ایک آدمی کے پاس اپنا گھر ہے جس کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے ہے، کسی وجہ سے اُس کا ذریعہ معاش ختم ہو گیا اور نوبت فاقہ کشی کرنے پر آگئی ، کیا ایسے آدمی کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟ جواب۔ ذاتی رہائشی مکان پر زکوٰۃ نہیں ، فقر و فاقہ کی صورت میں ایسے شخص کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے۔ (عشر کے مسائل) گندم کی زکوٰۃ خرچ نکال کر دیں یا بغیر خرچ دیں؟ سوال۔8 بوری گندم کی زکوٰۃ خرچ نکال کر دیں یا بغیر خرچ دیں؟ ۱۔ عشر خرچ نکال کر یا بغیر خرچ کے؟ 2۔ فی بوری 425 روپے قیمت ہے۔ (سائل: حاجی مشتاق احمد محمدی چک … بہاولپور) (12 دسمبر 1997ء) جواب۔ مزدوری وغیرہ کے اخراجات نکال کر عشر ادا کریں۔ البتہ نوکر یا آلات زرعی یا بیج وغیرہ کا خرچ الگ نہ کریں اور عشر اصل گندم سے ادا کریں۔ بارانی زمین کا دسواں حصہ ہے اور چاہی کا بیسواں حصہ ہے۔ بارانی نصاب دس من سے ایک من اور چاہی کا بیس من سے ایک من دینا ضروری ہے۔ فصل کی تیاری پر اخراجات کا خرچ ملا کر عشر ادا کیا جائے گا؟ سوال۔فصل کی تیاری کے لیے جو کھاد، سپرے اور دوسری دوائی وغیرہ ڈالی جاتی ہے کیا ان سب چیزوں کا خرچ ملا کر عشر ادا کیا جائے گا؟(سائل: خلیل الرحمن بصری) (9 اگست 2002ء) جواب۔کھاد ،سپرے اور دوائی وغیرہ کے اخراجات کو بوقت عشر علیحدہ نہ کیا جائے، اگرچہ بظاہر ایک طرف خرچ ہے لیکن دوسری طرف اضافہ بھی تو متوقع ہے۔ ٹھیکے والی زمین کا عشر کون ادا کرے مالک یا کاشتکار؟ سوال۔جو لوگ زمین ٹھیکے (کرایہ) پر دیتے ہیں، اس کا عشر مالک زمین ادا کرے گا یا زمین کو کاشت کرنے والا؟ (عبدالستار خطیب جامع مسجد اہل حدیث سمبلہ خورد) (10 جولائی،1992ء) جواب۔ ٹھیکہ وضع کرکے باقی آمدن کا عشر زمین کاشت کرنے والا ادا کرے گا۔ قرآن مجید میں ہے: (وَ اٰتُوْاحَقَّہٗ یَوْمَ حَصَادِہٖ) (الانعام:141) ”اور جس دن (پھل توڑو اور کھیتی ) کاٹو تو اللہ کا حق بھی اس میں سے ادا کرو۔‘‘
Flag Counter