Maktaba Wahhabi

257 - 326
الدروز دروز مذہب فتویٰ (۱۸۰۰) دنیا کا گمراہ ترین مذہب سوال دروز فرقہ کے بارے میں معلومات درکار ہیں، براہ کرم اس فرقے کے عقائد ونظریات اور اقدامات پر روشنی ڈالیں۔ جواب اَلْحَمْدُ للّٰہ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِہِ وآلِہِ وَأَصْحَابِہ وَبَعْدُ: مجلس افتاء وتحقیقات علمیہ کو محترم المقام نائب وزیر داخلہ کا مکتوب گرامی وصول ہوا۔ جس کا حوالہ نمبر (۲س۵۴۰۰) بتاریخ ۱۵ جمادی اولی ۱۳۹۷ھ ہے اور محترم رئیس عام کے نام تحریر کیا ہے۔ مجلس نے آں جناب کے مکتوب گرامی کے ساتھ وصول ہونے والے دو مطبوعہ پمفلٹ بھی ملاحظہ کئے جن میں دو فرضی شخصیت کے درمیان ہے جسے درزی نے ’’شیخ مشائخ ازہر‘‘کا لقب دیا ہے اور اس کا نام ’’مصطفی رافعی‘‘ لکھا ہے۔ دوسرا کلمہ کسی ’’شیخ الحق حسینی‘‘ نام کے (بقول ان کے) سنی عالم اور کسی درزی پروفیسر کے درمیان ہے جسے ’’ابو حسن ہانی زیدان‘‘ کے نام سے ذکر کیا گیا ہے۔ وزیرمحترم کے ارشاد کے مطابق ان کا مطالعہ کرکے درج ذیل موضوعات پر یہ مقالہ قلم بند کی گیا ہے۔ (۱) دروزی مذہب کا مختصر تعارف‘ جس سے ان کی حقیقت واضح ہوگی۔ (۲) مذکورہ بالا دو مکالموں کے متعلق مختصر توضیحات جن سے ان میں موجود دوھوکا وفریب واضح ہوگا۔ مذہب دروز کا مختصر تعارف دروزی فرقہ باطنی قرامطی فرقوں میں سے ایک خفیہ فرقہ ہے جن کی امتیازی خصوصیت تقیہ اور غیروں سے اپنی حقیقت چھپا کر رکھنا ہے۔ یہ لوگ بسا اوقات ظاہری طور پر دین داری اور زہدوتقویٰ کا لباس پہن کر آتے ہیں اور دین کے متعلق جھوٹ موٹ غیرت کا اظہار کرتے ہیں۔ کبھی وہ شیعیت اور اہل بیت کی محبت کے رنگ میں سامنے آتے ہیں اور کبھی تصوف کا جامعہ پہن لیتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ لوگوں کے باہمی اختلاف کے خاتمہ اور اتحاد کے علم بردار ہیں اور اسی طرح لوگوں کو دین کے بارے میں دھوکا دیتے ہیں ‘ لیکن جب انہیں موقع ملتا ہے، قوت حاصل ہوتی ہے اور ایسے حکمران مل جاتے ہیں جو ان سے دوستی رکھتے ہوں، اس وقت وہ اصل صورت میں سامنے آتے ہیں، اپنے عقائد کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے مقاصد واضح کردیتے ہیں، وہ شر اور فساد کی دعوت دینے والے اور دین‘ عقیدہ اور ا خلاق کی عمارت کو مسمار کرنے والے بن جاتے ہیں۔
Flag Counter