Maktaba Wahhabi

74 - 495
اذان و نماز سوال۔قرآن وحدیث کی روشنی میں نمازوں کے اوقات کی وضاحت کریں۔(محمد ادریس رحیم یار خان) جواب۔نمازوں کو ان کے اوقات پرپورا ادا کرنا نہایت ضروری ہے۔ارشاد باری تعالیٰ ہے:'' کہ نماز اس کے وقت کی پابندی کے ساتھ اہل ایمان پر فرض کی گئی ہے ۔'' (4/النساء :103) اوقات نماز کے متعلق صحیح ترین روایت حسب ذیل ہے۔ حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت جبرائیل علیہ السلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: اٹھیے اور نماز ادا کیجئے ،حضرت جبرائیل علیہ السلام نے ظہر کی نماز اس وقت پڑھائی جب سورج ڈھلنے لگا، پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام بوقت عصرآئے اور کہا:اٹھیے اور نماز ادا کیجئے ،پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام نے نماز عصر اس وقت پڑھائی جب ہر ایک چیز کا سایہ ایک مثل تک ہوچکا تھا ،پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام مغر ب کے وقت آئے۔ اور کہا :اٹھئے نماز ادا کیجئے ،پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام نے نماز مغرب اس وقت پڑھائی جب کہ سورج غروب ہوچکا تھا ،پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام عشاء کے وقت آئے اور کہا:اٹھیے نماز ادا کیجئے ،پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام نے عشاء کی نماز اس وقت پڑھائی جب سرخی غائب ہوچکی تھی۔ پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام بوقت فجر آئے اور اس وقت نماز پڑھائی جب فجر طلوع ہوچکی تھی۔پھر اگلے دن ظہر کے لئے آئے اور کہا:اٹھیے نماز ادا کیجئے ،پھر نماز عصر اس وقت پڑھائی جب ہر چیز کا سایہ دو مثل ہوچکا تھا ،پھر مغرب کے لئے سورج کے غروب ہونے کے وقت ہی آئے، پھر عشاء کے لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس وقت آئے جب نصف یا تہائی رات گزر چکی تھی،اس وقت نماز عشاء پڑھائی۔ پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام اس وقت آئے جب فجر خوب روشن ہوچکی تھی۔ اور سفیدی پھیل چکی تھی ۔اس وقت جبرائیل علیہ السلام نے نماز فجر پڑھائی اور کہا کہ ا ن دونوں اوقات کے درمیان نمازوں کا وقت ہے۔(مسند امام احمد 2/330) امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ کی یہ حدیث اوقات نماز ترین کے سلسلہ میں صحیح حدیث ہے۔(سنن ترمذی ،کتاب المواقیت) اس حدیث سے درج ذیل باتیں ثابت ہوتی ہیں: 1۔نمازوں کے اوقات کا تعلق سور ج سے ہے۔ 2۔ظہر کا وقت زوال آفتاب سے لے کرکسی چیز کا سایہ اس کے برابر ہونے تک ہے۔ 3۔عصر کا وقت سایہ ایک مثل ہونے سے لے کر دوگنا ہونے تک ہے۔ 4۔مغرب کا وقت تنگ اور محدود ہے سورج غروب ہونے پر ہے زیادہ سے زیادہ سرخی غائب ہونے تک ہے۔ 5۔عشاء کا و قت سرخی غائب ہونے سے لے کر نصف یا تہائی رات تک ہے۔
Flag Counter