Maktaba Wahhabi

31 - 79
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر میں ظہر سے پہلے چار رکعات نوافل ادا کرتے اور لوگوں کو نماز پڑھانے کے بعد گھر واپس آکر دو رکعات پڑھتے تھے۔‘‘ ٭ سیدناابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: صلَّیت مع النبی سجدتین قبل الظهر والسجدتین بعد الظهر [1] ’’میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دو رکعت نوافل ظہر سے پہلے اور دو ظہر کی نماز کے بعد پڑھے۔‘‘ ٭ سیدہ اُمّ حبیبہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( من حافظ على أربع رکعات قبل الظهر وأربع بعدها حرم على النار)) [2] ’’جو شخص ظہر سے قبل اور بعد چار چار رکعات نوافل کا اہتمام کرے، وہ آگ پر حرام ہو جائے گا۔‘‘ ٭ مذکورہ بالا روایات سے ظہرکی سنتوں کے بارے میں پتہ چلا کہ وہ زیادہ سے زیادہ 12 ہیں اور ان میں کم از کم 4 رکعات نوافل مؤکدہ ہیں۔جیسا کہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: إن النبي کان لا یدع أربعًا قبل الظهر ورکعتین قبل الغداة [3] ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم ظہر سے پہلے کی چار رکعات اور فجر سے پہلے کی دو رکعات کبھی نہ چھوڑتے۔‘‘ فرائض: سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے : أن النبي کان یقرأ في الظهر في الأولیین بأمّ الکتاب وسورتین وفي الرکعتین الأخریین بأمّ الکتاب…الخ [4] ’’بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ اور ایک ایک سورت پڑھتے اور آخری دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ پڑھتے…الخ‘‘
Flag Counter