بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ فکر ونظر سزاے موت کے خاتمہ کی مجوزہ ترمیم چند برس قبل جب عالمی میڈیا میں پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سنگین خدشات اُبھارے جاتے، ۲۰۱۲ء میں پاکستان کے خاکم بدہن صفحۂ ہستی سے مٹ جانے یا تقسیم ہوجانے یا ۲۰۱۵ء میں امریکہ کے سرکاری نقشہ میں پاکستان کا نام ونشان غائب ہونے کی باتیں کی جاتیں تو یہ اَفواہیں دشمن کی خواہشات اور یک طرفہ پر وپیگنڈا کے سوا کچھ نہ دکھائی دیتیں لیکن گذشتہ ایک برس سے وطن عزیز کی بدترین کیفیت اور ہر طرف سے مسائل و مشکلات میں گھری صورتحال کو دیکھ کر واقعتا اس عظیم عطیہ خداوندی کے بارے میں ذہن میں کئی شکوک وشبہات اور اندیشے گہرے ہونا شروع ہوچکے ہیں ۔ بیسویں صدی کے وسط میں اسلام کے نام پر ایک مملکت کا وجود کسی عظیم معجزہ اور خصوصی عنایت ِالٰہی کا اظہار ہے لیکن اس ملک کے ساتھ غیروں کی سازشیں تو رنگ نہ لاسکیں ، البتہ اس ملک کے باسیوں کی بدعملیوں اور کوتاہیوں نے اسے ممالک کی صف میں ایک شرمناک مقام ضرور دلا دیا ہے۔ ہرطرف سے سنگین مسائل میں گھرے وطن کواس کے حکمران کسی المیہ سے نجات دلانے کی خواہش کی بجائے مزید سے مزید تر مصائب ومشکلات میں اُلجھاتے ہی نظر آتے ہیں ۔ گذشتہ برس کے انہی دنوں میں لال مسجد میں چہار سو موت کی خاموشی پھیلا دینے والے ’آپریشن سائلنس ‘ سے لے کر’ آپریشن صراطِ مستقیم‘ تک کتنی ہی رسوائیاں حکمرانوں کے دامن پر موجود ہیں ۔صرف ایک سال کے قلیل عرصے میں ایک عظیم مملکت کس طرح ’پاکستان‘ سے ’مسائلستان‘ کا روپ دھارتی ہے، اس کا طائرانہ نظارہ بھی چشم کشا اور عبرت آموز ہے۔ مسائل میں گھرے عوام او ربنیادی سہولیات کے لئے سسکتے بلکتے لوگوں کی داد رسی کے لئے کوئی اِقدام کرنے کی حکومت کو کوئی فکر نہیں ۔ بد اَمنی، مہنگائی، بجلی، بے روزگاری اور دین |