Maktaba Wahhabi

68 - 193
خواب میں اللہ تعالیٰ کا دیدار ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں اللہ تعالیٰ کا دیدار ہوا۔ اس کے متعلق سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا قول ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب کو دل سے دیکھا تھا۔‘‘[1] یہ صریح دلیل ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دل کے ساتھ مشاہدہ کیا تھا۔ نیزآپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ ’’میں نے آج رات اپنے رب تعالیٰ کو انتہائی خوبصورت حالت میں دیکھا۔‘‘[2] اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ دیدار نیند کی حالت میں ہوا بیداری کی حالت میں نہیں۔ خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ((مَنْ رَأٰنِي فِي الْمَنَامِ فَسَیَرَانِي فِي الْیَقَظَۃِ وَ لَا یَتَمَثَّلُ الشَّیْطَانُ بِي)) ’’جو کوئی مجھے خواب میں دیکھے وہ عنقریب مجھے بیداری میں بھی دیکھے گا اور شیطان میری صورت اختیار نہیں کرسکتا۔‘‘[3] کسی آدمی کے لیے اس سے بڑی سعادت اور کیا ہوسکتی ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے۔ بڑے خوش قسمت انسان ہیں جنھیں خواب میں نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نصیب ہوجاتی ہے۔ خواب میں نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھنا آپ ہی کو دیکھنا ہے۔ شیطان کی یہ طاقت نہیں ہے کہ وہ خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صورت میں نظر آئے۔
Flag Counter