Maktaba Wahhabi

827 - 609
یا جو ش تبلیغ و دعوت میں،کبھی کبھی اصرار و لجاجت پر اتر آتے تھے۔ یہاں بھی وہی مضمون ہے۔قرآن مجید نے تعلیم کوموثر اور دلی نشین بنانے کے لئے،نابینا کے مناسب حال واقعہ کو بطور مثال اختیار کرلیا ہے او رپیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کوتبلیغ و دعوت میں اصرار کی اس حد سے روکا ہے جو آپ کے منصب کے شایان شان نہیں ہے اور گو کلام کا ظاہر اسلوب تنبیہ و عتاب کا ہے لیکن درحقیقت ان تمام مواقع میں جہاں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو منکرین سے اعراض کا حکم دیا جاتاہے،غصہ و عتاب کا اصلی رخ پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے بجائے منکرین ہی کی طرف ہوتا ہے اور یہ اتمام دعوت کا ایک نہایت معروف اسلوب ہے جس سے اہل نظر ناواقف نہیں ہوسکتے۔ سورہ کی یہ تاویل جو بالا جمال اوپر بیان ہوئی بالکل واضح ہے اور کسی صاحب بصیرت کو اس کے سمجھنے میں کوئی دقت نہیں ہوسکتی لیکن بعض مفسرین سے اس کی تاویل میں لغزش ہوگئی ہے جس کو ہم آگے بیان کریں گے لیکن اس سے پہلے ضروری ہے کہ ہم ایک فصل میں انبیاء کے خلق عظیم پر روشنی ڈالیں اور یہ واضح کر دیں کہ کبھی کبھی جو ان کو اللہ عزو جل کی طرف سے بانداز عتاب مخاطب کیا جاتا ہے تو اس عتاب کا اصلی پہلو کیا ہوتا ہے۔ مولانا فراہی رحمہ اللہ اپنے اس مؤقف کو واضح کرنے کے لئے ایک مثال کا سہارا لے کرواضح کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ یہ عتاب درحقیقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نہیں بلکہ کفار کو ہے۔چنانچہ وہ لکھتے ہیں: اس معاملہ کی اصل نوعیت کو ایک مثال سے سمجھو،فرض کرو ایک نہایت مستعد اور ذمہ دار چرواھا ہے۔اس کے گلے کی کوئی فربہ بھیڑ گلے سے الگ ہوکر کھو جائے۔چرواھا اس کی تلاش میں نکلے۔ہر قدم پر اس کے کھر کے نشانات ملتے جارہے ہیں۔جنگل کے کسی گوشہ سے اس کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے اور اس طرح وہ کامیابی کی امید میں دور تک نکل جاتا ہے اور اپنے اصلی گلے سے تھوڑی دیر کے لئے غافل ہوجاتا ہے۔کچھ دیر کے بعد جب وہ واپس لوٹتا ہے تو اس کا آقا اس کوملامت کرتاہے کہ تم پورے گلے کو چھوڑ کر ناحق ایک دیوانی بھیڑ کے پیچھے ہلکان ہوئے۔اس کو چھوڑ دیتے،بھیڑیا کھا جاتا وہ اسی کی مستحق تھی۔بتاؤ اس میں عتاب کس پر ہوا،چرواہے یا کھوئی ہوئی بھیڑ پر۔ظاہر ہے کہ کھوئی ہوئی بھیڑ پر،چرواہے اور گلے کی تو اس میں زیادہ سے زیادہ دلداری ہوئی۔بالکل یہی صورت معاملہ یہاں بھی ہے۔عتاب کا روئے سخن بظاہر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ہے۔لیکن خفگی کا تمام زور منکرین و معاندین پرپڑ رہا ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے تو اس عتاب کے اندر شفقت والتفات کی نہایت جان نواز ادائیں پنہاں ہیں۔ لیکن مولانا صاحب کی اس مثال کاحقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔اس مثال میں چرواھا ہی عتاب کے لائق ہے کیونکہ پورے گلے سے غفلت برتتے ہوئے ایک دیوانی بھیڑ کے پیچھے چلے جانا کہاں کی دانشمندی ہے۔ایک بھیڑ کوبچاتے ہوئے پورے گلے کو خونخوار درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا اور اسے تباہی کی طرف دھکیل دینا عقلمندی نہیں ہوسکتی ہے۔ جمہور مفسرین کا مؤقف جمہور مفسرین کے نزدیک سورہ عبس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر عتاب ہے کیونکہ آپ نے سیدنا عبداللہ بن اُم مکتوم رضی اللہ عنہ کونظر انداز کرتے ہوئے کفار کو ترجیح دی تھی اس سلسلے میں جمہور مفسرین کی تفاسیر درج ذیل ہیں: 1۔ امام طبری رحمہ اللہ سورۃ عبس کی تفسیر میں لکھتے ہیں:
Flag Counter