Maktaba Wahhabi

47 - 172
’’انسان کے مرنے کے بعد اس کے اعمال اور اس کی نیکیوں میں سے جو چیزیں اسے نفع پہنچاتی ہیں وہ یہ ہیں:1علم،جو اس نے دوسروں کو سکھایا اور پھیلایا۔2نیک اولاد جو اس نے اپنے پیچھے چھوڑی۔3(قرآن کے)علم کا کسی کو وارث بنایا۔4مسجد تعمیر کی۔5مسافروں کے لیے آرام گاہ تعمیر کی۔6نہر(کنواں یا نلکا وغیرہ جیسی کوئی چیز)جاری کی۔7اور صدقہ جو اپنے مال سے اپنی زندگی اور صحت کی حالت میں نکالا۔یہ تمام چیزیں انسان کے مرنے کے بعد بھی اسے فائدہ پہنچاتی رہتی ہیں۔‘‘ قرآنِ مجید سننے یا سنانے کی عظمت و فضیلت: اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا کہ آپ حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کے سامنے قرآن مجید پڑھیں اور وہ سنیں۔چنانچہ صحیح بخاری و مسلم،سنن ترمذی و نسائی اور مسند احمد میں حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ((اِنَّ اللّٰہَ أَمَرَنِيْ أَنْ أَقْرَأَ عَلَیْکَ:{لَمْ یَکُنِ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا}))قَالَ:وَسَمَّانِي لَکَ؟ قَالَ:((نَعَمْ))،قَالَ:فَبَکـٰی۔ (صحیح البخاری مع الفتح:۱-۵۹۷،صحیح مسلم:۱۸۶۵) ’’اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تمھارے سامنے سورۃ البینہ{لَم یَکُنِ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا} تلاوت کروں۔‘‘ حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے عرض کیا:کیا اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے میرا نام لیا ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ہاں ‘‘۔تو حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ(یہ سن کر خوشی سے)رونے لگے۔‘‘
Flag Counter