Maktaba Wahhabi

127 - 194
(1)… یا تو انہوں نے بعض ایسے افراد کو سنا جو قراءت میں ماہر نہ تھے اور امالہ میں مبالغہ کرتے ہوئے حدّ جواز سے نکل گئے اور اس کو امام حمزہ کی طرف منسوب کر دیا۔[1] (2)… یا پھر امالہ کے ساتھ متواتر قراءت ان تک پہنچی نہ ہو، اگرچہ اس کا احتمال ہے تاہم بعیدازقیاس ہے کیونکہ یہ قراء ات مشہور اور عام تھیں بالخصوص عراق میں ، اور اکثر قراء کوفہ و بصرہ امالہ کرتے ہیں یا تو حمزہ کسائی اور ابو عمرو بصری کی طرح کثرت کے ساتھ یا پھر امام عاصم کی طرح قلت کے ساتھ۔ (اقول): یہ تخصص ہے، ہر علم کے علماء ہیں اور جس طرح بعض آئمہ قراء علم حدیث میں مہارت نہیں رکھتے اور ان کی اسانید کے حافظ نہیں جیسے حفص بن سلیمان غاضری کوفی ، اسی طرح بعض آئمہ حدیث اور آئمہ فقہ قراء ات میں مہارت نہیں رکھتے اور وہ اس کی اسانید کو نہیں جانتے کیونکہ وہ اس علم سے وابستہ نہیں ہوتے تاہم ان کی جلالت و قدر اور رفعت مکانی میں کوئی شک و شبہ نہیں۔
Flag Counter