Maktaba Wahhabi

58 - 411
28۔ دلیل الفرقان بجواب اہل القرآن: اس رسالہ میں مولوی عبداﷲ چکڑالوی کے رسالہ ’’برہان الفرقان‘‘ کا جواب ہے۔ ’’برہان الفرقان‘‘ میں چکڑالوی صاحب نے نمازِ پنجگانہ قرآن شریف سے ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ مولانا نے اس رسالہ میں چکڑالوی صاحب کے خرافات کا جواب دیا ہے۔ یہ رسالہ پہلی بار 1906ء میں چالیس (40) صفحات میں شائع ہوا۔ 29۔ خاکساری تحریک اور اس کا بانی: اس رسالہ میں خاکساری تحریک اور اس کے بانی علامہ عنایت اﷲ المشرقی (م1384ء) کے مذہبی عقائد اور ان کی قرآنی تحریفات پر بحث کی گئی ہے اور ان کا مدلل جواب دیا گیا ہے۔ یہ علمی مضمون پہلے اخبار اہلحدیث امرتسر میں 3 جون 1939ء تا 6 ؍ اکتوبر 1939ء چھپتا رہا۔ بعد ازاں اس کو 1939ء میں ایک سو دس (110) صفحات میں کتابی شکل میں شائع کیا گیا۔ (تذکرہ ابو الوفا، ص: 155) 30۔ الکلام المبین فی جواب الأربعین: آپ کی مایہ ناز تفسیر قرآن بزبان عربی ’’تفسیر القرآن بکلام الرحمن‘‘ کے نام سے شائع ہوئی تو حضرت الامام مولانا سید عبدالجبار غزنوی رحمۃ اللہ علیہ (م 1331ھ) نے اس پر تعاقب کیا اور تفسیر میں چالیس (40) اغلاط کی نشاندہی کی، اور اس کا نام ’’الأربعین في أن ثناء اللّٰه لیس علی مذہب المحدثین‘‘ رکھا۔ مولانا ثناء اﷲ مرحوم نے ’’الأربعین‘‘ کے جواب میں ’’الکلام المبین‘‘ لکھی اور اس میں اپنا دفاع کیا۔ چنانچہ اس کتاب میں بھی بہت سے تفسیری مباحث آگئے ہیں۔
Flag Counter