Maktaba Wahhabi

19 - 208
آغاز کتاب عہدِ حاضر کے امام و مجدّد، امامِ حدیث، امامِ فنِ رجال، امامِ فقہ، امامِ دعوت، امام کرمِ نفس و دست، امامِ نصیحت، امامِ سماحت، امام تواضع، امامِ قناعت، امامِ تقویٰ، امامِ صلاح و اصلاح سماحۃ الشیخ مفتیٔ عالم و مفتیٔ اعظم سعودی عرب العلامہ الشیخ ابن باز۔ نام و نسب: اس عابد و زاہد اور عالم و مفتی کا نام نامی و اسمِ گرامی عبد العزیز بن عبد الرحمٰن بن محمد بن عبد اﷲ آل باز اور کنیت ابو عبداللہ تھی۔ شیخ سلیمان بن حمدان نے تراجم حنابلہ سے متعلق اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ آل باز علم و فضل اور تجارت و زراعت میں معروف خاندان ہے جن کی اصل تو مدینہ منورہ سے ہے لیکن ان کے آباء و اجداد میں سے ایک شخص الدرعیۃ منتقل ہوگیا اور پھر اس کے بعد یہ لوگ حوطۃ بنی تمیم میں منتقل ہوگئے۔ خود شیخ ابن باز رحمہ اللہ نے ’’المجلۃ‘‘ نامی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک مرتبہ کہا تھا کہ ہمارے خاندان آل باز کے افراد الریاض، حوطہ بنی تمیم، الاحساء (ہفوف و غیرہ) اور حجاز (مکہ و مدینہ) میں بھی ہیں حتی کہ اردن، مصر اور بعض دیگر بلادِ عرب و عجم میں بھی کچھ لوگ آل باز کہلواتے ہیں جبکہ ہمیں ان کے بارے میں باوثوق ذریعہ سے کچھ علم نہیں ہے۔ [1]
Flag Counter