Maktaba Wahhabi

158 - 717
مولانا حکیم ابو عبد اللہ محمد ادریس ڈیانوی (وفات: ۱۳۸۰ھ/ دسمبر ۱۹۶۰ء ) مولانا حکیم ابو عبد اللہ محمد ادریس بن علامہ کبیر شمس الحق محدث صدیقی ڈیانوی عظیم آبادی اپنے عہد کے بلند پایہ طبیب اور جید عالم تھے۔انھیں اپنے عہد کے کبار اساتذۂ علم سے نسبتِ تلمذ حاصل تھی۔ ولادت: ۱۶ رجب ۱۲۹۸ھ کو ڈیانواں میں ولادت ہوئی۔ مسنون طریقے پر ساتویں دن عقیقہ ہوا اور اسی دن نام رکھا گیا۔ کسبِ علم کا آغاز: ۶ برس کی عمر میں تعلیم کا آغاز ہوا۔ مولانا نور احمد ڈیانوی نے {اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ } پڑھایا۔ پھر دیگر معلّمین سے قرآن مجید اور بعض مختصرات پڑھیں ۔ یکم صفر ۱۳۰۶ھ کو مولانا حافظ عبد اللہ محدث غازی پوری سے ’’میزان الصرف‘‘ شروع کیا۔ ترجمہ قرآن مجید، کافیہ، شرح ملا، الفیہ ابن مالک، شرح تہذیب، قطبی، نحو میر، بلوغ المرام، مشکاۃ تک ان سے پڑھا۔ غالباً اسی عرصے میں ایک برس تک مولانا ابو الفیاض نور محمد مؤی اعظم گڑھی سے بھی اکتسابِ علم کیا۔ سیّد نذیر حسین محدث دہلوی کی خدمت میں : ۱۳۰۷ھ میں پہلی بار حضرت میاں صاحب محدث دہلوی کی مجلسِ تحدیث میں حاضر ہوئے۔ کچھ حدیثیں پوری تحقیق و بحث کے ساتھ سنا کر سندِ حدیث حاصل کی۔ دوسری مرتبہ ۱۳۱۳ھ میں حضرت شیخ الکل کی خدمت میں حاضر ہوئے اور صحیح بخاری اور ہدایہ کامل پڑھی۔
Flag Counter