Maktaba Wahhabi

330 - 335
8۔ کمپیوٹر کی تعلیم (I-T) 9۔ خدمتِ خلق (مریضوں کے لیے شفا خانہ بنام سفید مسجد کلینک) شعبہ علومِ اسلامیہ (درسِ نظامی): جامعہ کا بنیادی اور اہم ترین شعبہ درسِ نظامی ۸ سالہ تعلیمی دورانیے پر مشتمل ہے۔ اس شعبہ میں ترجمۃ القرآن، تفسیر، اصولِ تفسیر، حدیث، اصولِ حدیث، فقہ، اصولِ فقہ، منطق، فلسفہ، علمِ معانی، علمِ کلام، علمِ میراث، تاریخ و سیر، صَرف و نحو اور عربی بول چال کی تعلیم دی جاتی ہے، لیکن بنیادی محور قرآن و حدیث کی تعلیم ہے۔ جامعہ میں دیگر مسالک کے مدارس کی طرح سالہا سال تک عقلی علوم پڑھا کر صرف آخر سال میں حدیث کا دورہ نہیں کرایا جاتا، بلکہ ابتدا سے لے کر انتہا تک طلبا کی استعداد کے مطابق ہر سال حدیثِ نبوی کی کوئی نہ کوئی کتاب ضرور پڑھائی جاتی ہے۔ ادنیٰ جماعت میں سو احادیث پر مشتمل نخبۃ الاحادیث، عامہ اولیٰ میں عمدۃ الاحکام، عامہ ثانیہ میں بلوغ المرام، خاصہ اولیٰ میں مشکاۃ الصابیح (جلد اول)، خاصہ ثانیہ میں سنن نسائی اور مشکاۃ المصابیح (جلد دوم)، عالیہ اولیٰ میں جامع ترمذی اور سنن ابن ماجہ، عالیہ ثانیہ میں سنن ابی داود، عالمیہ اولیٰ میں صحیح بخاری و صحیح مسلم (حصہ اول) اور موطا امام مالک، جب کہ عالمیہ ثانیہ میں صحیح بخاری و صحیح مسلم (حصہ دوم) شامل ہیں اور ان میں ہر کتاب سبقاً سبقاً پڑھائی جاتی ہے، تاکہ آج کے طلبا (مستقبل کے علما) میں پیش آمدہ تمام مسائل کو قرآن و حدیث کی روشنی میں سمجھنے اور حل کرنے کی استعداد اور صلاحیت پیدا ہو اور اُن کے دل میں محبوبِ کبریاﷺکی ایسی عقیدت و محبت رچ بس جائے کہ وہ اقوال و آرا کی بحث میں اُلجھنے کے بجائے صرف رسول اﷲﷺ کی ذاتِ گرامی ہی سے دین میں راہنمائی حاصل کریں ۔ اس شعبہ میں ہر سال طلبا کی ایک جماعت علومِ نبوت کے زیور سے آراستہ ہو کر نکلتی ہے۔
Flag Counter