Maktaba Wahhabi

57 - 534
(۳) مدینہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دائمی صحبت قوی معاون جو عثمان رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں اثر انداز ہوا اور آپ کی صلاحیتوں کو نکھارا، آپ کی طاقت میں جوش پیدا کیا اور نفس کی تہذیب کی وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مصاحبت اور مدرسہ نبوت میں آپ کا تلمذ تھا، چنانچہ عثمان رضی اللہ عنہ نے اسلام لانے کے بعد مکہ میں اور ہجرت کے بعد مدینہ میں آپ کی صحبت کو لازم پکڑا۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے اپنے نفس کو منظم کیا، معلم بشریت اور ہادی بر حق صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھوں کہ جنھیں اللہ عزوجل نے اچھی طرح علم و ادب سے سنوارا تھا مدرسہ نبوت کے مختلف علوم وفنون کے حلقوں میں تلمذ کے حریص رہے۔ سید الخلق صلی اللہ علیہ وسلم سے قرآن و سنت سیکھنے کا اہتمام کیا۔ عثمان رضی اللہ عنہ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اپنی وابستگی اور صحبت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’یقینا جب اللہ تعالیٰ نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا، اور آپ پر کتاب نازل فرمائی تو میں اللہ و رسول کی دعوت کو قبول کرنے اور ایمان لانے والوں میں سے تھا۔ میں نے پہلی دو ہجرتیں کیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا داماد ہونے کا شرف حاصل کیا، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کو دیکھا۔‘‘ [1] عثمان رضی اللہ عنہ نے قرآنی منہج پر تربیت پائی اور آپ کے مربی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رہے آپ کی تربیت کا نقطہ آغاز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات تھی۔ صرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رابطہ و ملاقات سے آپ کی زندگی میں عجیب انقلاب پیدا ہوا اور پھر اچانک ہدایت حاصل ہوئی، اور آپ دائرہ ظلمت سے نکل کر دائرہ نور میں پہنچ گئے۔ ایمان حاصل کیا اور کفر کی چادر اتار پھینکی اور اسلام اور اس کے بلند عقائد کی راہ میں مصائب و مشکلات کو برداشت کرنے پر ڈٹ گئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت میں دوسروں کے اندر جذب و تاثیر کی عجیب قوت تھی، اللہ تعالیٰ نے اپنی آنکھوں کے سامنے آپ کو سنوارا تھا اور روئے زمین کی تاریخ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو انسان کی کامل ترین صورت عطا فرمائی تھی۔ لوگ ہمیشہ عظمت کے گرویدہ اور دلدادہ ہوتے ہیں اور دلدادہ لوگ اس کے گرد جمع ہوتے ہیں اور اس سے چمٹے رہتے ہیں۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم صرف عظمت کے مالک نہ تھے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ آپ رسول اللہ تھے، اللہ کی وحی آپ پر نازل ہوتی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں تک اس کے مبلغ تھے۔ یہ دوسرا پہلو ہے جو آپ کے سلسلہ
Flag Counter