Maktaba Wahhabi

111 - 534
۴۔ عمرو بن العاص اور مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما پر تہمت طرازی: ابو مخنف نے شوریٰ کی روایت میں عمرو بن العاص اور مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما سے متعلق بیان کیا ہے کہ یہ دونوں مشاورت کے وقت دروازے پر جا بیٹھے، اور سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے ان دونوں کو وہاں سے بھگا دیا، اور کہا کیا تم یہ چاہتے ہو کہ بعد میں کہو کہ ہم بھی ممبران شوریٰ میں سے تھے؟ یہ انتہائی غلط بات ہے، عام لوگوں کے سلسلہ میں بھی یہ تصور نہیں کیا جا سکتا چہ جائیکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں یہ سوچا جائے۔ لوگ، ممبران شوریٰ کون ہیں انہیں اچھی طرح جانتے اور پہچانتے تھے، اور یہ خبر ان کے درمیان مشہور و عام تھی کہ کوئی غیر متعلق شخص اس کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ حقیقت میں ابو مخنف کی روایت میں تناقضات کی بھرمار ہے، غور و فکر کرنے اور صحیح اصولوں سے اس کا مقارنہ کرنے والوں کے لیے یہ بالکل واضح ہے، اور اس کے عجائب و غرائب مشہور ہیں، انہیں ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر یحییٰ الیحییٰ نے اس کی بعض مثالوں کی طرف اشارہ فرمایا ہے جو اس روایت کے ابطال اور عدم اعتبار کے لیے کافی ہیں۔[1] تنبیہ و تحذیر کی خاطر ان زہر آلودگیوں سے متعلق بعض اشارے ذکر کیے ہیں جو ہماری تاریخ و ثقافتی میراث کے اندر پھیلی ہوئی ہیں اور مؤلفین و مؤرخین اور مفکرین کو متاثر کر رکھا ہے۔ ۵۔ عثمان رضی اللہ عنہ کا خلافت کا زیادہ مستحق ہونا: کوئی بھی مومن عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت کی حقیقت اور صحت کے سلسلہ میں شک نہیں کر سکتا، کوئی اس سلسلہ میں انگلی نہیں اٹھا سکتا الا یہ کہ جس کے دل میں کجی ہو اور اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی اس کجی کے سبب عداوت رکھتا ہو، اور یہ صرف شیعہ روافض کا نصیبہ ہے کہ اس دنیا میں جن کا راس المال اور اصل سرمایہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر سب و شتم ہے، یہ لوگ خلفائے ثلاثہ ابوبکر و عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم کی خلافت پر جو طعن و تشنیع اور نقد و جرح کرتے ہیں اس کی کوئی حیثیت نہیں کیوں کہ یہ سب باطل ہیں اور افترا پردازی کے سوا کچھ نہیں ہیں، صحت سے ان کا دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ متعدد قطعی اور صحیح نصوص اور مشہور آثار وارد ہیں جو عثمان رضی اللہ عنہ کے خلافت کے سب سے زیادہ مستحق ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔[2] ان نصوص میں سے بعض یہ ہیں: ۱:…اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَعَدَ اللّٰهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنْكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُمْ فِي الْأَرْضِ
Flag Counter