Maktaba Wahhabi

191 - 295
خدمات کا دائرہ بہت وسیع تھا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے دین کے اس مخلص ترین خادم کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔‘‘(آمین) (ماخوز از دبستانِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی) مولانا عبد الصمد حسین آبادی مبارک پوری رحمہ اللہ : مولانا عبد الصمد بن شیخ محمد اکبر رمضان ۱۳۲۲ھ میں موضع حسین آباد مضافاتِ مبارک پور ضلع اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم مولوی علی احمد مبارک پوری سے حاصل کی،اس کے بعد مدرسہ دار التعلیم مبارک پور میں داخل ہوئے۔اس مدرسے میں مولانا حکیم محمد اصغر مبارک پوری رحمہ اللہ اور حضرت مولانا محمد عبد الرحمن محدث مبارک پوری رحمہ اللہ سے استفادہ کیا۔ان ہر دو علماے کرام سے مستفیض ہونے کے بعد مولانا عبد السلام مبارک پوری رحمہ اللہ صاحبِ سیرت البخاری سے علومِ دینیہ کی کتابیں پڑھیں۔ مبارک پور میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے دہلی کا رخ کیا اور مدرسہ میاں صاحب پھاٹک حبش خاں دہلی میں مولانا ابو سعید شرف الدین محدث دہلوی(المتوفی ۱۳۸۱ھ)سے مختلف علوم کی کتابیں پڑھیں۔دہلی کے قیام کے دوران میں تین ماہ کے لیے سیالکوٹ تشریف لے گئے اور مولانا محمد ابراہیم میر سیالکوٹی سے تفسیرِ قرآن میں استفادہ کیا۔ تکمیلِ تعلیم کے بعد اپنے وطن تشریف لے گئے اور درس و تدریس کا مشغلہ اختیار کیا۔آپ نے مختلف اوقات میں مدرسہ اسلامیہ بڑواہ،مدرسہ دار التعلیم مبارک پور،مدرسہ احمدیہ سلفیہ دربھنگہ اور مدرسہ محمدیہ دیوریا میں مدتوں تعلیمی و تدریسی خدمات انجام دیں۔اس کے بعد تصنیف و تالیف کی طرف متوجہ ہوئے۔ مولانا حبیب الرحمن قاسمی ان کے علمی تبحر اور اخلاق و عادات کے بارے میں فرماتے ہیں :
Flag Counter