Maktaba Wahhabi

88 - 173
ایک کتاب ’’التعلیق النجیح علیٰ الجامع الصحیح‘‘ ہے۔ یہ کتاب صحیح بخاری کی شرح ہے اور نواجزا پر مشتمل ہے۔ ابھی چھپی نہیں۔ سندھی زبان میں ان کی ایک کتاب فتاویٰ راشدیہ ہے۔ یہ بھی غیر مطبوع ہے۔ صوبہ سندھ میں ان کی تبلیغی اور تصنیفی اولیات کا سلسلہ بہت وسیع ہے۔ سید بدیع الدین راشدی سید بدیع الدین راشدی کا ذکر اولیاتِ قرآن کے سلسلے میں ہوچکاہے۔ انھوں نے عربی، اردو، سندھی تینوں زبانوں میں لکھا۔ مجموعی اعتبار سے ان کی تصانیف کی تعداد ایک سو آٹھ تک پہنچتی ہے۔ قرآن کی طرح حدیث کے موضوع پر انھوں نے جو کچھ لکھا اور جس انداز سے لکھا، اسے ان کی اولیات میں شمار کیا جائے گا۔ وعظ وخطابت، درس وتدریس اور تصنیف وتالیف کے سلسلے میں اس خاندان کے علماے کرام نے جو خدمات برصغیر (بالخصوص صوبہ سندھ) میں سرانجام دیں، انھیں بے حد اہمیت حاصل ہے۔ سید بدیع الدین راشدی کی تاریخ ولادت 19۔ذی الحجہ 1343ھ (10۔ جولائی 1925ء) ہے اور تاریخِ وفات ہے 17۔شعبان 1416ھ (8۔جنوری 1996ء)۔ سندھ میں قبرپرستی اور پیرپرستی کا زور تھا۔ لوگ خلافِ شرع رسوم ورواج میں اس طرح جکڑے ہوئے تھے کہ معاملہ ارتکابِ شرک تک پہنچ چکا تھا۔ اس خاندان کے علما بالخصوص سید محب اللہ شاہ اور سید بدیع الدین راشدی کو یہ اولیت حاصل ہے کہ انھوں نے پورے سندھ میں گھو م پھر کر وعظ وتقریر کے ذریعے لوگوں کو اللہ اور رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے احکام پہنچائے اور ان کی اصلاحی کوششوں سے لوگ اسلام کی صراطِ مستقیم پر گام زن ہوئے۔ وعظ و تقریر کے علاوہ لوگوں نے ان کی کتابیں بھی پڑھیں جو ان کے لیے ذریعۂ ہدایت ثابت ہوئیں۔
Flag Counter