Maktaba Wahhabi

158 - 173
اردو میں ہیں جو کسی زمانے میں چھپے بھی تھے۔ ان خطبات کی زبان بڑی معیاری اور انشا پردازی کے اصولوں کے عین مطابق ہے، جسے ہر شخص بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ علامہ حریری نے عربی زبان میں ایک چھوٹا سا رسالہ ’’سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے منصرف اور غیر منصرف‘‘ ہونے پر لکھا تھا۔ ایک رسالہ بہ زبان عربی ’’خلافت علیٰ منہاج النبوۃ‘‘ کے موضوع پر تحریر کیا تھا۔ مولانا عبدالمجید حریری ابتدا ہی سے عبادت و زہد کی طرف مائل تھے اور اس موضوع کی کتابوں کا مطالعہ ان کا محبوب مشغلہ تھا۔ زیادہ وقت اوراد و وظائف، اذکارِ الٰہی اور تلاوتِ کلام پاک میں گزرتا۔ اخیر عمر میں گھر سے مسجد اور مسجد سے گھر تک اپنے آپ کو محدود کر لیا تھا۔ دسمبر 1972ء میں علم وادب کے یہ نیرّتاباں جو علامہ عبدالمجید حریری کے نام سے موسوم تھے، 80سال کی عمر پاکر اس دارِ فانی سے دارِ بقاکی طرف کوچ فرماگئے۔ اللھم اغفرلہ و ارحمہ۔ 3۔ علامہ عبدالعزیز میمن علامہ عبدالعزیز میمن کی ولادت اکتوبر 1888ء (محرم1306ھ) کو موضع راجکوٹ (گجرات، ہندوستان) میں ہوئی۔ ان کے آباواجداد بردولی (کاٹھیاوار) سے تعلق رکھتے تھے جو کسی زمانے میں صوبہ سندھ سے نقل مکانی کر کے وہاں آباد ہوئے تھے۔ یہ تجارت پیشہ خاندان تھا۔ عبدالعزیز میمن نے تعلیم کا آغاز اپنے مسکن راجکوٹ میں کیا۔ قرآن شریف ناظرہ ختم کرنے اور اردو کی چند کتابیں پڑھنے کے بعد والد مکرم نے بیٹے کوجونا گڑھ بھیج دیا۔ اس وقت ان کی عمر صرف سات سال کی تھی۔ پھر والد کے کہنے پر واپس راجکوٹ چلے گئے۔
Flag Counter