Maktaba Wahhabi

59 - 413
(2) ہر مناسب جگہ میں تعلیم دینا ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سلسلہ تعلیم کو کسی خاص مقام یا جگہ میں محصور نہ کر رکھا تھا کہ اس کے علاوہ کسی اور مقام پر تعلیم نہ دیں، بلکہ جہاں بھی موقع میسر آتاآپ صلی اللہ علیہ وسلم تعلیم دیتے۔ ذیل میں اس بارے میں چند ایک شواہد توفیق الٰہی سے پیش کیے جا رہے ہیں : ۱۔مسجد میں تعلیم: امام بخاری رحمہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہا سے روایت نقل کی ہے کہ: ’’أَنَّ رَجُلًا قَامَ فِي الْمَسْجِدِ، فَقَالَ :’’یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ! مِنْ أَیْنَ تَأْمُرُنَا أنْ نُھِلَّ؟‘‘ فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم :’’ یُھِلُّ أَھْلُ الْمَدِیْنَۃِ مِنْ ذِي الْحُلَیْفَۃِ، وَیُھِلُّ أَھْلُ الشَّامِ مِنَ الْجُحْفَۃِ، وَیُھِلُّ أَھْلُ نَجْدٍ مِنْ قَرْنٍ۔‘‘[1] ’’ایک آدمی نے مسجد میں کھڑے ہو کر عرض کیا:’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ ہمیں کس جگہ سے احرام باندھنے کا حکم دیتے ہیں ؟‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اہل مدینہ ذُوالحلیفہ سے احرام باندھیں، شام والے حجفہ سے اور نجد کے لوگ قرن سے۔‘‘ اس حدیث شریف سے یہ بات واضح ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں تعلیم دی۔ امام بخاری رحمہ اللہ تعالیٰ نے اس حدیث پر بایں الفاظ عنوان قائم کیا ہے: [بَابُ ذِکْرِ الْعِلْمِ وَالْفُتیَا فِي الْمَسْجِدِ] [2]
Flag Counter