Maktaba Wahhabi

1182 - 644
پانی پلانے کے علاوہ سارا اعزاز یاکمال یا خون میرے ان دونوں قدموں کے نیچے ہے۔ یادرکھو ، قتل ِ خطا شبہ عمد میں ۔ جو کوڑے یاڈنڈے سے ہو ۔ مغلظ دیت ہے ، یعنی سو اونٹ جن میں سے چالیس اونٹنیوں کے شکم میں ان کے بچے ہوں۔ اے قریش کے لوگو! اللہ نے تم سے جاہلیت کی نخوت اور باپ دادا پر فخر کا خاتمہ کردیا۔ سارے لوگ آدم سے ہیں اور آدم مٹی سے۔ اس کے بعد یہ آیت تلاوت فرمائی : ﴿يَاأَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُمْ مِنْ ذَكَرٍ وَأُنْثَى وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللّٰهِ أَتْقَاكُمْ إِنَّ اللّٰهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ ﴾ (۴۹: ۱۳) ’’اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمہیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کیا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔ تم میں اللہ کے نزدیک سب سے باعزت وہی ہے جو سب سے زیادہ متقی ہو۔ بیشک اللہ جاننے والا اور خبر رکھنے والا ہے۔‘‘ آج کو ئی سرزنش نہیں: اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قریش کے لوگو! تمہارا کیا خیال ہے۔ میں تمہارے ساتھ کیسا سلوک کرنے والا ہوں ؟ انہوں نے کہا : اچھا۔ آپ کریم بھائی ہیں۔ اور کریم بھائی کے صاحبزادے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تو میں تم سے وہی بات کہہ رہا ہوں جو یوسف علیہ السلام نے اپنے بھائیوں سے کہی تھی کہ ﴿ لَا تَثْرِيبَ عَلَيْكُمُ الْيَوْمَ﴾(۱۲: ۹۲) آج تم پر کوئی سرزنش نہیں، جاؤ تم سب آزاد ہو۔ کعبے کی کنجی( حق بحقدار رسید) : اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد حرام میں بیٹھ گئے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے …جن کے ہاتھ میں کعبے کی کنجی تھی …حاضر خدمت ہوکر عرض کی : حضور ہمارے لیے حجاج کو پانی پلانے کے اعزاز کے ساتھ خانہ کعبہ کی کلید برداری کا اعزاز بھی جمع فرمادیجیے۔ اللہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر رحمت نازل کرے۔ ایک اور روایت کے بموجب یہ گذارش حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے کی تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : عثمان بن طلحہ کہاں ہیں ؟ انہیں بلایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ! عثمان ! یہ لو اپنی کنجی ، آج کا دن نیکی اور وفاداری کا دن ہے۔ طبقات ابن سعد کی روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کنجی دیتے ہوئے فرمایا : اسے ہمیشہ ہمیش کے لیے لو۔ تم لوگوں سے اسے وہی چھینے گا جو ظالم ہوگا۔ اے عثمان ! اللہ نے تم لوگوں کو اپنے گھر کا امین بنایا ہے۔ لہٰذا اس بیت اللہ سے تمہیں جو کچھ ملے اس سے معرف کے ساتھ کھانا۔
Flag Counter