Maktaba Wahhabi

113 - 338
حبِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے تقاضے جس طرح حب مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعض علامتیں ہیں اسی طرح اس کے چند مطالبات اور تقاضے بھی ہیں جن کا پورا کرنا واجب اور ضروری ہے، اور وہ درج ذیل ہیں : 1 درود شریف پڑھنا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و تعلقِ خاطر کے مطالبات اورتقاضوں میں سے سب سے پہلا تقاضا یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ گرامی مکمل احترام و اکرام کے ساتھ لیا جائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام لینے،سننے،لکھنے اور پڑھنے کے ساتھ ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھی پڑھا جائے کیونکہ اس صلوٰۃ و سلام پڑھنے کو سب سے پہلے تو خود اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف منسوب فرمایا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ اس کے فرشتے بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف پڑھتے ہیں، اور اس کے ساتھ ہی تمام اہلِ ایمان مسلمانوں کو بھی حکم فرمادیا ہے کہ تم بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا کرو۔ چنانچہ سورۃ الاحزاب میں ارشادِ الٰہی ہے: { اِنَّ اللّٰہَ وَ مَلٰٓئِکَتَہٗ یُصَلُّوْنَ عَلَی النَّبِیِّ یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْہِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا} [الأحزاب: ۵۶] ’’اللہ اور اُس کے فرشتے پیغمبر پر درود بھیجتے ہیں مومنو! تم بھی اُن پر درود اور سلام بھیجا کرو۔‘‘
Flag Counter