Maktaba Wahhabi

11 - 338
بسم اللّٰه الرحمن الرحيم تقدیم اِنَّ الْحمْدَ لِلّٰہِ نَحْمَدُہٗ وَ نَسْتَعِینُہٗ وَ نَسْتَغْفِرُہٗ وَ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ منْ شُرُورِ اَنْفُسِنَا وَ سَیِّئاتِ اَعْمَالِنَا ، مَنْ یَّھْدِہٖ اللّٰہُ فَلا مُضِلَّ لَہٗ وَ مَنْ یُّضْلِلْ فَلَا ھَادِیَ لَہٗ وَأَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلـٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلہٗ ۔أَمَّا بَعْدُ : قارئینِ کرام! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔ یہ اللہ تعالیٰ کا اس راقمِ آثم پر ایک خاص احسان ہے کہ اس نے اپنے فضل و کرم سے زمانۂ طالب علمی ہی میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم جیسے نازک و شیریں موضوع کی خدمت کرنے کا موقع مہیّا فرمادیا اور سالِ فراغت سے ایک سال پہلے ہی اپنے اساتذہ کرام اور طالب علم ساتھیوں کے تعاون سے ’’ آئینۂ نبوت‘‘ کے نام سے ایک کتاب مرتب کی جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے تقریباً تمام نمایاں پہلؤوں پر تحریریں مرتب کردیں، مثلاً نبی صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت باپ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت ایک مثالی شوہر، تاجر، سپہ سالار ،حکمران و غیرہ جیسے بیسیوں پہلؤوں پر مضامین یکجا ہیں۔ یہ کتاب سب سے پہلے بزم الہلال جامعہ سلفیہ فیصل آباد نے ۱۹۷۶؁ء میں شائع کی اور پھر مکتبہ کتاب و سنت ریحان چیمہ (سیالکوٹ) نے اس کا نقشِ دوم شائع کیا۔ متحدہ عرب امارات میں قیام کے دوران اللہ تعالیٰ نے ریڈیو ام القیوین کی اردو سروس سے روزانہ دینی پروگرام ’’دین و دنیا‘‘ نشر کرنے کی توفیق بخشی۔ یہ پروگرام اللہ کی توفیق سے چودہ سال روزانہ نشر ہوتا رہا۔ اس پروگرام میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر اپنے سلسلۂ تقاریر میں تفصیل سے روشنی ڈالنے کا موقع مل گیا، اور ان دروس و تقاریر کو ’’سیرت امام الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ‘‘ کے نام سے شائع کیا۔
Flag Counter