Maktaba Wahhabi

85 - 120
’’گھنٹیاں شیطانی باجے ہیں ‘‘۔ پھر یہ کیوں کر ممکن ہے کہ ایک طرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات موسیقی کے خلاف ہوں اور دوسری جانب برغبت آپ صلی اللہ علیہ وسلم موسیقی بھی سنا کرتے ہوں ؟ کیایہی اسوہ ٔرسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے جسے محافل ِ سماع والے ہمارے سامنے پیش کرتے ہیں ۔ برادرانِ اسلام! قوالی کی محافل جو محفلِ سماع بھی کہلاتی ہیں سوائے بدعت کے اور کچھ نہیں۔ ان کے ذریعہ دین کی نہیں بلکہ شیطان کی خدمت کی جا رہی ہے۔ اپنے ایمان کی فکر کریں اور ان خرافات سے جلد از جلد اپنا دامن چھڑائیں ۔ (۴۵) تعویز گنڈ ے: امت مسلمہ کی ایک بڑی تعداد بالخصوص برصغیر پاک و ہند میں تعویذ گنڈے میں مبتلا نظر آتی ہے۔ جسے دیکھو کہیں گلے میں تعویذ لٹکے ہوئے ہیں کہیں بازو پر بندھے ہوئے ہیں کہیں شرعی تعویذ بن رہے ہیں تو کہیں شرکیہ تعویذوں کا کاروبار ہو رہا ہے اور کہیں سفلی جنتر منتر اور تعویذ بنائے جار ہے ہیں اور کرنے والے سب ماشاء اﷲ مسلمان ہیں ۔ تعویذ چاہے شرعی ہو یا شرکیہ ہو یا سفلی ہو بہرحال اس کا گلے میں لٹکانا اور بازووغیرہ پر باندھنا اﷲکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ہے۔ اس اعتبار سے یہ بدعت ہے۔ لیکن اگر کوئی یہ عقیدہ رکھے کہ تعویذ شفا دیتا ہے وہی دکھ، تکلیف اورغم دور کرتا ہے تو پھر یہ شرک ہے۔ ہوسکتا ہے کہ تعویذاتِ شرعیہ لکھنے والوں کو یہ تحریرناگوار گذرے لیکن ہمیں حق بیان کرنا ہے اور یہ نہیں دیکھنا ہے کہ کون شرعی تعویذ لکھ رہا ہے اور کون غیر شرعی لکھ رہا ہے، مجھے صرف یہ سمجھانا مقصود ہے کہ نہ تو اﷲکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے تعویذ لکھے نہ اپنے بازوئے مبارک پر باندھے ، نہ اپنے گلے میں لٹکائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے جھاڑ پھونک (دم کرنا) آیات یا حدیث کی دعائیں پڑھ کر پھونکنے کا ثبوت تو احادیث میں ملتا ہے لیکن بقیہ مذکورہ امور ثابت نہیں۔ اسی باعث میں کہتا ہوں کہ تعویذ باندھنا اور لٹکانا بدعت ہے۔
Flag Counter