Maktaba Wahhabi

51 - 120
(۱۶) عرفہ: شبِ براء ت سے دو دن پہلے عرفے کے نام سے حلوے اور روٹی پر نئے اور پرانے مُردوں کی فاتحہ بڑی دھوم دھام سے دلائی جاتی ہے۔ پرانے مردوں پر عرفے کی فاتحہ واجبی طور پر دی جاتی ہے، لیکن نئے مردے کی عرفہ کی فاتحہ میں پورے خاندان اور برادری کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔ تقریب میں نہ آنے والوں پر طعن کیا جاتا ہے۔روٹی اور حلوہ نہ صرف کھلایا جاتا ہے بلکہ غریب غرباء میں تقسیم بھی کیا جاتا ہے اور یہ بدعت بھی نام نہاد اہل سنت ہی کے ہاں رائج ہے باوجودیکہ وہ اس رسم کا احادیث وسنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں کوئی ثبوت نہیں پاتے ہیں ۔ (۱۷) تبارک کی روٹیاں : برصغیر کے چند نام نہاد مسلمانان اہل سنت رجب کے مہینے میں ہر جمعہ کو اپنے مردوں پر فاتحہ دلانے کے لیئے تبارک کی روٹیاں نام بنام پکاتے ہیں ۔ یہ روٹیاں میدے اور سوجی سے پکائی جاتی ہیں ۔ ان میں دوسرے بھی کئی لوازمات شامل ہوتے ہیں ۔ روٹی کے پک جانے کے بعد ان روٹیوں پر اکیالیس بار سورۃ الملک پڑھی جاتی ہے اور مردوں کو بخشی جاتی ہے پھر ہر مُردے کے نام سے فاتحہ دلائی جاتی ہے۔ فاتحہ کے بعد یہ روٹیاں عزیز واقرباء میں بطور تبرک تقسیم کر دی جاتی ہیں ۔یہ روٹیاں پکانے والے اور ان روٹیوں کے کھانے والے اپنے زعم میں اپنے مُردوں کی مغفرت کا سامان کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ کیونکہ تبارک کی روٹیاں پکانا اور کھانا نری بدعت ہے جو کہ نہ رسولُ اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم سے نہ آپ کے صحابۂ رضی اللہ عنہم سے ، نہ تابعین کرام سے، نہ آئمہ سے اور نہ ہی بزرگانِ دین سے ثابت ہے۔ پس مسلمانوں کو چاہیئے کہ ایسی رسومات سے دوری اختیار کریں ۔ 
Flag Counter