Maktaba Wahhabi

75 - 222
تیسرا شبہ بعض لوگوں کاخیال ہے کہ سورۃ الاحزاب کی آیت[يُدْنِيْنَ عَلَيْہِنَّ مِنْ جَلَابِيْبِہِنَّ۝۰ۭ ]میں جو اوڑھنیاں لٹکائے رکھنے کاحکم ہے ،یہ چہرہ ڈھانپنے کومستلزم نہیں ہے، لغت میں اس معنی کی کوئی تائید نہیں ملتی۔ جواب:اوڑھنی لٹکائے رکھنے کی صورت یہی ہے کہ اسے پیشانی پر باندھا جائے؛ تاکہ وہ پہلے سرکی چوٹی اوربھنووں کیلئے ساتر بن جائے،پھر اسے اس طرح لٹکایاجائے کہ وہ پورے جسم کو ڈھانپتی ہوئی قدموں تک پہنچ جائے اور انہیں بھی ڈھانپ لے،اللہ تعالیٰ کے فرمان :[يُدْنِيْنَ عَلَيْہِنَّ مِنْ جَلَابِيْبِہِنَّ۝۰ۭ ]کی تفسیر میں بہت سے صحابہ اور تابعین سے قولاًوعملاً،چہرے کا ڈھانپنا ہی منقول ہے ،جلابیب کی تفسیر میں عنقریب یہ نکتہ آئے گا۔ جہابذہ علماء ومفسرین،جنہیں لغت میں بڑی مہارت واتقان حاصل ہے،جلابیب لٹکانے کی یہی تفسیر کرتے ہیں کہ عورتیں اپنی اوڑھنیوںکے ساتھ،اپنے پورے چہروں کو ڈھانپ لیں،اور ایک آنکھ جس سے دیکھنا ممکن ہو،کے علاوہ چہرہ کا کوئی حصہ ظاہر نہ کریں۔ (شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں :ایک آنکھ کو ظاہرکرنے کی رخصت راستہ دیکھنے کی خاطر ہے ،اوراگر یہ ضرورت نہ ہو تو اس آنکھ کوظاہرکرنا بھی درست نہیں ہے۔) علامہ نسفی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:جب کسی عورت کاکپڑا چہرے سے سَرک جائے تو اس سے کہاجاتا ہے :أدنی ثوبک علی وجھک.یعنی:اپنا کپڑا اپنے چہرے پر ڈال لے۔ (نسفی کا یہ قول[يُدْنِيْنَ عَلَيْہِنَّ مِنْ جَلَابِيْبِہِنَّ۝۰ۭ ]کی تفسیر ہے۔)[1]
Flag Counter