Maktaba Wahhabi

315 - 545
پرائز بونڈ اور فال گیری مذکورہ آیت کریمہ کی روشنی میں آپ جان چکے ہیں کہ شراب ، جوا، بت اور جوئے کے تیروں کو حرام کیا گیا ہے یہ چاروں قسمیں اب بھی دنیا میں پائی جاتی ہیں اور مذکورہ آیت کریمہ کے حکم کا اطلاق ان چاروں پر ہوتا ہے لیکن زیر بحث مسئلے کا تعلق شراب کے علاوہ باقی چیزوں سے ہے۔ 1۔مشرکانہ فال گیری جس میں کسی دیوی یا دیوتا سے قسمت کا فیصلہ پوچھا جاتا ہے، یا غیب کی خبر دریافت کی جاتی ہے یا باہمی نزاعات کا تصفیہ کرایا جاتا ہے، مشرکین مکہ نے اس غرض کے لیے کعبہ کے اندر ہبل دیوتا کے بت کو مخصوص کر رکھا تھا اس کے استھان میں سات تیررکھے ہوئے تھے جن پر مختلف الفاظ اور فقرے کندہ تھے کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کا سوال ہو یا کھوئی چیز کا پتہ پوچھنا ہو، یا خون کے مقدمہ کا فیصلہ مطلوب ہو، غرض کوئی کام بھی ہو، اس کے لیے ہبل کے پانسہ دار(صاحب القِداح) کے پاس پہنچ جاتے، اسے نذرانہ پیش کرتے اور ہبل سے دعا مانگتے کہ ہمارے اس معاملے کا فیصلہ کردے پھر ان تیروں کے ذریعہ سے فال نکالتے، اور جو تیر بھی فال میں نکل آتا اس پر لکھے ہوئے لفظ کو ہبل کا فیصلہ سمجھا جاتا تھا۔ 2۔تو ہم پرستانہ فال گیری جس میں زندگی کے معاملات کا فیصلہ عقل و فکر سے کرنے کے بجائے کسی وہمی وخیالی چیز یا کسی اتفاقی شے کے ذریعے سے کیاجاتا ہے یا قسمت کا حال ایسے ذرائع سے معلوم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو کسی علمی طریق سےثابت نہیں ہیں، رمل،نجوم ، جفر، مختلف قسم کے شگون اور فال گیری کے بے شمار طریقے اس میں داخل ہیں۔
Flag Counter