Maktaba Wahhabi

94 - 303
عظمت حرم ہرمسلمان کا یہ عقیدہ ہے جو کہ بالکل حق ہے کہ روئے زمین کا سب سے مقدس ومحترم حصہ مکہ مکرمہ اور اس میں واقع مسجد حرام ہے، جو پوری دنیا کے مسلمانوں کا قبلہ ہے، اسی کی طرف رخ کرکے دنیا کا ہر مسلمان نماز پڑھتا ہے اور دوسری عبادتیں کرتاہے، اس پاک سرزمین کی زیارت بغرض حج ہر مستطیع مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض بھی ہے اور یہ اسلام کا پانچواں رکن ہے۔ویسے بھی ہر مسلمان کی دلی تمنا ہوتی ہے کہ اس مقدس سرزمین کی زیارت سے مشرف ہو اور اس عظیم مسجد میں عبادت کی سعادت حاصل کرے۔ آئیے اس بابرکت زمین کی خوبیوں اور اس کے محاسن وفضائل سے مزید آگاہی حاصل کریں تاکہ اس کی عظمت وتقدس کی معرفت سے ہمارے ایمان میں اضافہ ہو اور ہم اس ارض مقدسہ کے ادب واحترام کا کچھ نہ کچھ حق ادا کرسکیں۔ (۱) قرآن کریم میں اللہ رب العزت کا ارشاد ہے: ﴿إِنَّ أَوَّلَ بَیْْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیْ بِبَکَّۃَ مُبَارَکاً وَہُدًی لِّلْعَالَمِیْنَ۔فِیْہِ آیَاتٌ بَیِّـنَاتٌ مَّقَامُ إِبْرَاہِیْمَ وَمَن دَخَلَہُ کَانَ آمِناً﴾ (سورہ آل عمران:۹۶-۹۷) بے شک(اللہ تعالیٰ کا)پہلا گھر جو لوگوں کے لیے مقرر کیا گیا وہی ہے جو مکہ مکرمہ میں ہے جو تمام دنیا کے لیے برکت والا او رہدایت والا ہے، جس میں کھلی نشانیاں ہیں، مقام ابراہیم ہے، اس میں جو آئے امن والا ہوجاتا ہے۔ اس آیت میں بیت اللہ شریف کے کئی خصائص ذکر کیے گئے ہیں: ۱- روئے زمین کی یہ سب سے پہلی اور قدیم عبادت گاہ ہے۔ ۲- یہ برکت یعنی ڈھیر ساری بھلائیوں والی جگہ ہے۔ ۳- یہ ساری دنیا کی ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
Flag Counter