Maktaba Wahhabi

559 - 612
کتاب و سنت کی طرف رجوع: خطبۂ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( وَقَدْ تَرَکْتُ فِیْکُمْ مَا لَنْ تَضِلُّوْا بَعْدَہٗ إِنِ اعْتَصَمْتُمْ بِہٖ کِتَابُ اللّٰہِ )) [1] ’’اور میں تم میں ایسی چیز چھوڑے جا رہا ہوں کہ اگر تم نے اس پر عمل کرلیا تو اس کے بعد ہرگز گمراہ نہیں ہوگے اور وہ چیز ہے: اللہ کی کتاب۔‘‘ جس ذات نے انسان کو پیدا کیا ہے وہ بہتر سمجھتا ہے کہ اس کی اصلاح اور سعادت کے لیے کیا چیز ضروری ہے اور وہ ضروری چیز ہے؛ کتاب و سنت پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونا، چنانچہ ارشادِ الٰہی ہے: ﴿ اِنَّ ھٰذَا الْقُرْاٰنَ یَھْدِیْ لِلَّتِیْ ھِیَ اَقْوَمُ﴾ [الإسراء: ۹] ’’یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے جو سب سے سیدھا ہے۔‘‘ یعنی وہ راستہ جو اس کے تمام معاملات میں سب سے سیدھا ہے ، جو اس کے امورِ قضا و عدل کے لیے سب سے سیدھا ہے، جو حکومت و سیاست کا سب سے سیدھا طریقہ ہے، جو اس کے مال و اقتصادیات کے لیے سب سے مفید و سیدھا ہے، جو علم و معرفت اور تعلیم و تربیت کے لیے سب سے سیدھا ہے۔ یہ قرآن انسان کو وہ طریقہ سکھلاتا اور وہ راہ دکھلاتا ہے، جو اخلاقی نقطہ نظر سے سب سے سیدھی ہے، قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے سچ ہی فرمایا ہے: ﴿ مَا فَرَّطْنَا فِی الْکِتٰبِ مِنْ شَیْئٍ﴾ [الأنعام: ۳۸] ’’ہم نے کتاب میں کسی چیز (کے لکھنے) میں کوتاہی نہیں کی۔‘‘ اگر کسی کو عزت درکار ہے تو اسے یہ عزت قرآن کی بتائی ہوئی راہ پر چلنے میں ملے گی۔ ارشادِ الٰہی ہے: ﴿ وَلِلّٰہِ الْعِزَّۃُ وَلِرَسُوْلِہٖ وَلِلْمُؤْمِنِیْنَ﴾ [المنافقون: ۸] ’’عزت اللہ کے لیے ہے ،اس کے رسول کے لیے ہے اور مومنوں کے لیے ہے۔‘‘ جسے امن و سلامتی مطلوب ہو، اسے اس بات پر یقین کرلینا چاہیے کہ امن و سلامتی صرف قرآن پر چلنے ہی سے ممکن ہے، اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے: ﴿اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ لَمْ یَلْبِسُوْٓا اِیْمَانَھُمْ بِظُلْمٍ اُولٰٓئِکَ لَھُمُ الْاَمْنُ وَ ھُمْ مُّھْتَدُوْنَ﴾ [الأنعام: ۸۲]
Flag Counter