Maktaba Wahhabi

502 - 612
چوتھا خطبہ دعوت دین اور ہماری ذمے داری امام و خطيب: فضيلة الشيخ صلاح البدير حفظه اللّٰه حمد و ثنا کے بعد: خصائصِ شریعت: مسلمانو! اﷲ تعالیٰ نے شریعتِ کاملہ کی شکل میں ہم پر بہت بڑا احسان فرمایا ہے، جو ٹھنڈے سایوں والی ہے جو اس کے سائے میں آگیا، وہ گرمی اور تپش سے بچ گیا۔ یہ شریعت ایک مضبوط قلعہ ہے، جو اس میں داخل ہو گیا وہ ہر قسم کے شر سے محفوظ ہو گیا۔ ایسی شریعت جو انتہائی مالوف نظام پر مشتمل ہے جس کی اقسام بھی باہم معتدل و متقارب ہیں، وہ ہر قسم کے نقص و عیب سے بَری، ہر مَیل سے پاک اور ہر قسم کی کمی و کوتاہی سے محفوظ ہے۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جو عدل و حکمت اور مصلحت و رحمت پر مشتمل ہے۔ اگر اس نے فساد کو حرام قرار دیا ہے تو اس سے ملتی جلتی یا اس سے بھی بری چیزوں کو حرام قرار دیا ہے اور جب صلاح کی رعایت کی ہے تو اس سے ملتی جلتی اور اس سے بھی عمدہ چیزوں کی بھی رعایت کی ہے۔ یہ سیدھی، ہر قسم کی کجیوں سے خالی اور آسان شریعت ہے جس کے احکام میں کہیں سختی نہیں۔ اس میں کسی ایسی چیز کا حکم نہیں دیا گیا کہ عقل یہ کہہ سکے کہ اگر اس سے منع کیا گیا ہوتا تو بہتر تھا اور کسی ایسی چیز سے منع نہیں کیا گیا کہ عقل کو اس میں ذرا بھی موقع مل سکے اور وہ کہے کہ اگر اسے مباح و جائز کیا گیا ہوتا تو بہتر تھا۔ اس شریعت کے اوامر انسانی جسم و روح کے لیے غذا و دوا ہیں، اور اس کا نور ہی انسان کے لیے اس کی حمایت و بچاو کا ذریعہ ہے، جس نے اس شریعت کے نور سے ہٹ کر کہیں سے ہدایت حاصل کرنے کی کوشش کی، وہ اس کے لیے مشکل بلکہ بالکل ناممکن ہے اور وہ شخص سراسربے بصارت و اندھا اور بے بصیرت و احمق ہے۔
Flag Counter