Maktaba Wahhabi

237 - 612
پہلا خطبہ زیارت و ملاقات کی اقسام اور اس کے آداب امام و خطيب :فضيلة الشيخ عبد الباري الثبيتي حفظه اللّٰه حمد و ثنا کے بعد: انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے دوسروں کے ساتھ مل جل کر رہنے کو پسند کرتا ہے، اور اسلام وہ دین ہے جو اجتماع و الفت اور باہمی پیار و محبت کا دین ہے۔ لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنا اور باہم تعارف و تعلقات پیدا کرنا اس کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے۔ اسی لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں سے الگ تھلگ رہنے والے شخص پر اس شخص کو فضیلت دی ہے جو دوسروں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: (( اَلْمُؤْمِنُ الَّذِيْ یُخَالِطُ النَّاسَ وَیَصْبِرُ عَلٰی أَذَاھُمْ أَعْظَمُ أَجْرًا مِنَ الْمُؤْمِنِ الَّذِيْ لَا یُخَالِطُ النَّاسَ وَلَا یَصْبِرُ عَلٰی أَذَاھُمْ )) [1] ’’جو مومن لوگوں میں مل جل کر رہتا ہے اور ان کی اذیتیں سہتا اور ان پر صبر کرتا ہے، وہ اس مومن سے زیادہ اجر و ثواب کا مستحق ہے جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور نہ ان کی اذیتوں کو سہتا اور ان پر صبر کرتا ہے۔‘‘ زیارت و ملاقات کے فوائد: ایک دوسرے کی زیارت کرنا باہم میل جول بڑھانے کے ذرائع میں سے ایک ذریعہ ہے، جس سے محبت بڑھتی ہے، دلوں میں تعلق پیدا ہوتا ہے اور روابط مضبوط ہوتے ہیں، اس سے لوگوں کی یاد تازہ ہوتی ہے اور کچھ تفریح طبع کا سامان پیدا ہوتا ہے، مصائب اور غموں کا بوجھ کچھ ہلکا ہوتا ہے۔ نیز زیارت و ملاقات میں اور بھی بہت سے فوائد ہیں جو صاحبِ بصیرت پر مخفی نہیں ہیں۔
Flag Counter