Maktaba Wahhabi

275 - 366
ہے،نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث سے یہ فضیلت بھی حاصل ہوتی ہے کہ جو اللہ کی راہ میں چل کر کہیں جائے اور اس کے قدم غبار آلود ہوجائیں تو ان قدموں کو جہنم کی آگ نہیں چھوسکے گی۔ أمیر المؤمنین فی الحدیث امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث کو اپنے عموم پر رکھتے ہوئے اسے کتاب الجمعۃ میں ذکرفرمایا ہے اوراس ثواب کو جمعہ کے خطبہ اور نماز کی ادائیگی کیلئے چل کر جانے پر منطبق کیا ہے ۔ حضرات سامعین!مذکورہ حدیث میں طلبِ علم کیلئے کسی راہ پر چلنے کا ایک دوسرا معنٰی بھی مراد لیاگیا ہے،اور وہ یہ ہے کہ اس منہج کو اختیارکرنا جو حصولِ علم کیلئے شریعت نے پیش کیا اورجس پر ہمارے سلف صالحین ،أئمۂ اُمت اور محدثینِ کرام چلتے رہے اور اس منہج کے بنیادی اصولوں میں اجتماعیت ایک ٹھوس حقیقت کے طورپر سامنے آتی ہے۔ اجتماعی زندگی کے فوائد اجتماعی زندگی کے دیگر بہت سے فوائد ہیں ،مثلاً: اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ملاقاتیں اور زیارتیں کرنا ۔ایک حدیث ِقدسی کے مطابق ایسے لوگوں پر اللہ تعالیٰ کی محبت واجب ہوجاتی ہے ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیان کردہ وہ واقعہ کسے یاد نہیں ہوگا،جس میں ایک شخص کے کہیں چل کر جانے کاذکر ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کے راستے میں ایک فرشتے کو انسانی شکل میں کھڑا کردیا، اس فرشتے نے اس سے پوچھا کہ آپ کہاںجارہے ہیں ؟جواب دیا کہ سامنے بستی میں اپنے ایک بھائی سے اللہ کی رضاکیلئے ملنے جارہاہوں ،تواس فرشتے نے اسے اللہ تعالیٰ کی رضا ومحبت اور داخلۂ جنت کی خوشخبری دی ۔
Flag Counter