Maktaba Wahhabi

253 - 366
دورِ حاضر کا اہم ترین مسئلہ حضراتِ سامعین! آج کے مسائل میں سے ایک انتہائی اہم مسئلہ یہ ہے کہ اہل بدعت کے ساتھ ہمارا تعلق کیسا ہونا چاہئے ؟یہ ایک اعتقادی مسئلہ بھی ہے،جو’’الولاء والبراء‘‘ کے عنوان سے معنون ہے ،جسے احادیث میں ’’الحب فی ﷲ والبغض فی ﷲ‘‘جیسے جامع الفاظ سے تعبیر کیاگیاہے،بلکہ ایک حدیث میں اسے ’’اوثق عری الإیمان‘‘یعنی ایمان کا سب سے مضبوط کنڈا قرار دیا گیا ہے،جولوگ عقیدۂ’’الولاء والبراء‘‘ کاصحیح معنیٰ میں اہتمام کرنے کی سعادت حاصل کرلیتے ہیں، انہیں اللہ رب العزت روزِ قیامت نور کے منبروں پر بٹھائے گا،اور ایک دوسری حدیث کے مطابق انہیں اتنا قرب عطافرمائے گا کہ انبیاء اور شھداء انہیں دیکھ کر رشک کریں گے۔ اصولِ ایمان سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ قبولِ ایمان کے بعد سب سے اہم ذمہ داری یہی ہے کہ اپنے تعلقات پر نظرِ ثانی کی جائے اورتوحید وسنت کے سچے حاملین سے محبت کی جائے،جبکہ شرک وبدعت کی دلدل میں پھنسے لوگوں سے اظہارِ برأت کیاجائے؛کیونکہ ایسے لوگ اللہ اور اس کے رسول کی دشمنی مول لیتے ہیں،قرآن کہتا ہے: [لَا تَجِدُ قَوْمًا يُّؤْمِنُوْنَ بِاللہِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِ يُوَادُّوْنَ مَنْ حَادَّ اللہَ وَرَسُوْلَہٗ وَلَوْ كَانُوْٓا اٰبَاءَہُمْ اَوْ اَبْنَاءَہُمْ اَوْ اِخْوَانَہُمْ اَوْ عَشِيْرَتَہُمْ] [1] ’’جو لوگ اللہ تعالیٰ اور روز ِآخرت پر یقین رکھتے ہیں،انہیں تم ایسے لوگوں سے دوستی رکھنے والا نہیں پاؤ گے جو اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول سے دشمنی رکھتے ہوں،خواہ وہ ان کے (ماں) باپ، اولاد،(بہن )بھائی یا خاندان کے لوگ ہی کیوں نہ ہوں ‘‘
Flag Counter